¸.•♥´¨`♥•.¸¸.•♥´¨`♥•.¸¸.•♥´¨`♥•.¸¸.•♥´¨`♥•.¸¸.•♥´¨`♥•.¸.•♥´¨`♥•.
*.*.*.*.* WELLCOME TO My URDU WORLD.*.*.*.*.*
¸.•♥´¨`♥•.¸¸.•♥´¨`♥•.¸¸.•♥´¨`♥•.¸¸.¸.•♥´¨`♥•.¸.•♥´¨`♥•.¸.•♥´¨`♥•.

Thursday, March 31, 2011

لاہور کے چند ذائقے



طویل اور تھکا دینے والے گرم دنوں کے بعد موسم سرما کی آمد قریبا سب کو بھلی لگتی ہے کیونکہ کھانے پینے، سیر سپاٹے اور پہنے اوڑھنے کا اصل مزہ سرما میں ہی آتا ہے اور جب بات ہو اہل لاہور کی تو یہا ں کھانے پینے کی ایک بہار ہوتی ہے جو کہ سارا سال رہتی ہے لیکن کچھ کھانے ایسے ہیں جو موسم سرما سے مشروط ہوتے ہیں یا جن کا لطف اسی موسم میں آتا ہے جیسے مچھلی، ہریسہ،حلوہ جات، کشمیری چائے ،سوپ وغیرہ ۔ ویسے تولاہور میں ان کھانوں کی دکانیں بہت سی ہیں لیکن کچھ خاص مقامات ہیں جو اپنے منفرد ذائفے کی وجہ سے مشہور ہیں اور لوگ دوردراز کے علاقوں سے وہ کھانے کیلئے کھنچے چلے أتے ہیں ۔ جیسے مزنگ میں بشیر الماہی، گوالمنڈی میں سردار اور گڑھی شاہو میں صادق کی تلی ہوئی مچھلی ، نان اور املی کی چٹنی کے ساتھ جب سامنے آئے تو ہاتھ روکنا خقیقتا مشکل ہو جاتا ہے۔یہاں توے پر بنی اور بیسن کے ساتھ تلی مچھلی ملتی ہے۔اب تو کچھ مشہور مچھلی فروشوں نے لوگوں کی آسانی کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں اپنی برانچیں کھول لی ہیں۔
امرتسری ہریسہ نسبت روڈ پر واقع ہریسہ کی معروف دکان ہے۔ اگر آپ خوش ذائقہ ہیں تو سردیوں میں ہریسہ نہ کھانا خود سے زیادتی ہوگی ، ہریسہ کشمیری ڈش ہے اور یہ مختلف اناجوں کو ملا کر پکایا جاتا ہے اس میں چھوٹے سائز کے کباب ڈالے جاتے ہیں اس پر مزید دیسی گھی کا تڑکا اس کا ذائقہ کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔ اس کوعام طور پر نان کے ساتھ کھایا جاتا ہے لیکن کچھ لوگ نان کے بغیر چمچ سے کھانا بھی پسند کرتے ہیں۔
سردیوں کی ایک خاص سوغات حلوہ جات ہیں ان میں گاجرکا حلوہ ، پیٹھے کا حلوہ اور انڈے کا حلوہ زیادہ پسند کئے جاتے ہیں۔ دیسی گھی، کھویا اورانڈے کی سجاوٹ سے تیار شدہ حلوے کی میٹھی میٹھی خوشبو دل موہ لیتی ہے اور اگر یہ لکشمی چوک میں واقع بٹ سویٹس کے ہوں توایک بار کھانے والا دوبارہ ضرور کھاتا ہے ۔
جب ٹھنڈے موسم کے سنگ بھاپ اڑاتی چائے سے لطف اندوزہونا ہو تو لکشمی چوک میں بڑی سی کڑاہی میں پکتی ہوئی کشمیری چائے کے اوپر بالائی کی دبیز تہہ ایک بار دیکھنے والوں کو دوبارہ دیکھنے اور پھر پینے پر مجبور ضرور کرتی ہے۔ کشمیری چائے کو مزید اشتہا انگیز بنانے کیلئے اس کو بالائی ، پستہ اور بادا م چھڑک کے پیش کیا جاتا ہے۔
دیسی کھانوں کے بعد تھوڑا چائنیز تڑکا بھی لگا لینا چاہیے، چائنیز کھانوں کا ذکر کرتے ہوئے سب سے پہبلا نام ذہن میں سوپ کا آتا ہے اور اب یہ کیونکہ بدیسی ہے اس لئے سوپ کیلئے ریسٹورینٹ کا رخ کریں جہاں آپ کی باری تھوڑا انتظار کرنے کے بعد آئے گی۔ ایک بڑے سے باؤل میں سوپ ، سویا ساس، چلی ساس، سرکہ، نمک اور کالی موچ کے ساتھ سرو کیا جاتا ہے تاکہ آپ اپنے ذائقے کے مطابق اجزاء ڈال کے سوپ کا مزہ دوبالا کر سکیں۔
ہاں تو جناب منہ میں پانی آیا؟ اب ان میں آپ کا آج کا انتخاب کیا ہے؟

 ڈالڈا دسترخوان مارچ 2011 

No comments:

Post a Comment